کم سن بچی “ببو” کا نکاح معمر شخص سے پڑھائے جانے کا معاملہ، بچی کے والد عبدالباری چمن سے گرفتار

​کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) نواحی علاقے کچلاک میں ایک کم سن بچی “ببو” کا نکاح معمر شخص سے پڑھائے جانے کا معاملہ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
​ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے کم سن بچی کے والد عبدالباری کو چمن سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے اندراج اور گرفتار ملزم کی حوالگی کے لیے کوئٹہ پولیس سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس واقعے کی کڑیاں کچلاک میں پیش آنے والے 15 سالہ بچی کے قتل سے ملتی ہیں۔
​معاون وزیراعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور مرکزی ملزم سمیت دیگر تمام ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ​شاہد رند نے واضح کیا کہ صوبے میں انسدادِ کم عمری کی شادی کا قانون موجود ہے اور حکومت بچوں کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ واقعے میں شامل کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور نہ ہی کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں