واجہ پھلین بلوچ کاتربت پریس کلب کا دورہ

تربت:(نامہ نگار) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی پنجگور/کیچ، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات واجہ پھلین بلوچ نے تربت پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل پارٹی کے قائد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ایم پی اے فنڈز سے زیرِ تعمیر نئی عمارت اور بی ایس ڈی آئی فنڈز سے تزئین و آرائش کیے گئے آڈیٹوریم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما مشکور انور بلوچ، فدا جان بلیدی، بی ایس او پجار کے چیئرمین بوہیر صالح، محمد طاہر بلوچ، معتبر شیر جان، اقبال بلوچ، نوید تاج اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی اور فنانس سیکرٹری مقبول ناصر نے انہیں پریس کلب میں جاری تعمیراتی کاموں اور صحافیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے واجہ پھلین بلوچ کی جانب سے اپنے ایم این اے فنڈز سے تربت پریس کلب کے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کی تعمیر کے لیے 40 لاکھ روپے کے فنڈز کے اجرائ پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئی عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ڈیجیٹل اسٹوڈیو کا کام شروع کیا جائے گا، ڈیجیٹل اسٹوڈیو کی تکمیل سے پریس کلب کے ممبران کو اپنے میڈیا چینلز کے لیے ویڈیو ریکارڈنگ اور دیگر ڈیجیٹل میڈیا سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تربت پریس کلب بلوچستان کے ان اداروں میں نمایاں ہے جو اپنے ممبران کو جدید صحافتی اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی واجہ پھلین بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ادارے مضبوط اور مستحکم ہوں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے دورِ حکومت میں ادبی، ثقافتی اور دیگر اداروں کی ترقی و استحکام پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے اور حالات مزید مشکل اور گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔ ہماری سوچ اور کوشش یہی ہے کہ ہم اپنے عوام کی آواز بنیں اور ان کے لیے جتنا کچھ ممکن ہو، کریں۔ عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام دشمن ہر اقدام کی مذمت کرتی ہے۔ سڑکوں کی بندش اور عوام، ڈاکٹرز اور صحافیوں کو تنگ کرنے کی مذمت کرتے ہیں یہ امر باعث افسوس ہے کہ سیکورٹی اداروں کی پہلی ترجیح عوام کے تحفظ کے بجائے اپنی تحفظ ہے جس کی وجہ سے عوام کو روزانہ بنیاد پر مشکلات و پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے ڈنڈا مسئلہ کا حل نہیں بلکہ مسئلہ کا حل پیار ومحبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام کے بنیادی حقوق، آزادی اظہار اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں