ہر شہری کو ریاست کے سامنے مساوی حیثیت حاصل ہونی چاہیے، صدرزرداری

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے مذہبی، ثقافتی اور روایتی اختلافات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایک قومی پرچم تلے متحد ہیں، میرا یقین ہے مذہب یا عقیدے سے قطع نظر، ہر شہری کو ریاست کے سامنے مساوی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں تمام پاکستانیوں، بالخصوص ہمارے قومی و مذہبی اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو دلی مبارک باد کا پیغام دیتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ آج سے اناسی برس قبل اسی روز بانیؒ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے اپنا وژن واضح کیا تھا۔قائداعظمؒ کے الفاظ آج بھی ہماری ریاست کی روح اور اساس کے حوالے سے ہماری رہنمائی کرتے ہیں،ہماری دستور ساز اسمبلی نے تقریباً ایک چوتھائی صدی بعد، 1973 میں ملک کا پہلا آئین قومی اتفاقِ رائے سے تشکیل دیا، جس میں بانی پاکستان کی جانب سے آج سے 79 برس قبل، قیامِ پاکستان کے باضابطہ اعلان سے محض تین روز قبل کی گئی اس تقریر کے رہنما اصولوں کو مو¿ثر طور پر شامل کیا گیا۔قائداعظم نے فرمایا کہ آپ آزاد ہیں،آپ آزاد ہیں کہ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنی مساجد میں جائیں یا ریاستِ پاکستان میں کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جائیں۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو، اس کا ریاست کے امور سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم اس بنیادی اصول کے ساتھ آغاز کر رہے ہیں کہ ہم سب ایک ریاست کے شہری اور برابر کے شہری ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس وژن کو 1973ءکے آئین میں شامل کیا گیا، جو ہمارے قومی رہنماو¿ں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں تشکیل دیا۔انہوںنے کہاکہ ہماری مذہبی اقلیتوں نے جنگوں اور تنازعات، صحت، تعلیم اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور آج بھی اپنے دیگر ہم وطنوں کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پوری قوم ان کی قومی خدمات، حب الوطنی اور ملک کی جامع ترقی و خوش حالی میں ان کے نمایاں کردار پر فخر کرتی ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک مضبوط، پرامن اور مستحکم ریاست کی بنیاد صرف معاشی ترقی پر نہیں بلکہ انصاف، مساوات، باہمی احترام اور انسانی وقار کے تحفظ پر قائم ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی حقیقی طاقت اس کے عوام میں ہے، جو اپنے مذہبی، ثقافتی اور روایتی اختلافات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایک قومی پرچم تلے متحد ہیں، میرا یقین ہے کہ مذہب یا عقیدے سے قطع نظر، ہر شہری کو ریاست کے سامنے مساوی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ بانی قوم قائداعظم محمد علی جناحؒنے مختلف مواقع پر مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے تحفظ پر زور دیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں