گنداخہ:(نامہ نگار) گنداخہ اور گردونواح میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا اور جل تھل ایک کردیا جس کے بعد پورا علاقہ خوشگوار موسم کی لپیٹ میں آ گیا۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور ٹھنڈی ہواؤں نے ماحول کو نہایت دلکش بنا دیا، جس پر شہریوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے سکھ کا سانس لیا،بارش کے باعث علاقے کا درجہ حرارت نمایاں حد تک کم ہو گیا جبکہ موسم میں اچانک آنے والی خوشگوار تبدیلی نے معمولاتِ زندگی پر مثبت اثرات مرتب کیے۔ بچے، نوجوان اور بزرگ گھروں سے باہر نکل آئے اور بارش سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ مختلف شاہراہوں، بازاروں اور گلی محلوں میں بارش کے بعد ٹھنڈک کا احساس نمایاں رہا، جس سے گرمی سے نڈھال عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملا۔مقامی کاشتکاروں اور زمینداروں نے بارش کو رحمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بارش خصوصاً چاول کی فصل کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق حالیہ بارش سے کھیتوں میں نمی برقرار رہے گی، آبپاشی کی ضرورت میں وقتی کمی آئے گی اور فصل کی بہتر نشوونما میں مدد ملے گی،جس سے زرعی پیداوار میں اضافے کی بھی توقع ہےکسانوں کا کہنا تھا کہ بروقت ہونے والی بارش قدرت کا انعام ہے جو زرعی معیشت کے لیے نیک شگون ثابت ہوسکتی ہے۔دوسری جانب بعض نشیبی علاقوں، گلیوں اور سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں معمولی دشواری کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مجموعی طور پر عوام نے بارش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے موسم کی خوشگوار تبدیلی اور رحمتِ خداوندی قرار دیا،شہریوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو نہ صرف موسم مزید معتدل ہوگا بلکہ زرعی شعبہ بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔
گنداخہ اور گردونواح میں گرج چمک، تیز ہواؤں کیساتھ موسلا دھار بارش،موسم خوشگوار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل