گوادر میں 5 کروڑ ڈالر کے سی فوڈ پارک کا منصوبہ،چینی اور آسٹریلوی کمپنیوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

گوادر(15 جولائی 2026)چین کی ہانگینگ ٹریڈ کمپنی (ایس ایم سی پرائیویٹ) لمیٹڈ اور آسٹریلیا کی ماسٹر لیپ گروپ پرائیویٹ لمیٹڈکے درمیان گوادر فری زون میں سی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریل پارک کے قیام کےلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔گوادر پرو کے مطابق مجوزہ سرمایہ کاری کا تخمینہ تقریباً 5 کروڑ امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پارک میں سی فوڈ پروسیسنگ کی جدید سہولیات، انفرادی فوری منجمد (IQF) سسٹمز، ریفریجریٹڈ گودام، پیکیجنگ یونٹس، معیار جانچنے کی تجربہ گاہیں اور کولڈ چین لاجسٹکس کا نظام شامل ہوگا۔ہانگینگ کے چیف ایگزیکٹو اینڈی لیاو¿ نے بتایا کہ تعمیراتی کام آئندہ چھ ماہ کے اندر شروع کیا جا سکتا ہے، جبکہ منصوبے کے پہلے مرحلے سے جون 2028کے آس پاس آپریشنز شروع ہونے کی توقع ہے۔کمپنیوں کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد سے قبل فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کی جائے گی، مشترکہ کمپنی (جوائنٹ وینچر) قائم کی جائے گی اور مالی وسائل کے حصول کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پارک کے ذریعے چین، آسٹریلیا، مشرقِ وسطیٰ، جنوب مشرقی ایشیا اور یورپ کو سی فوڈ برآمد کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق مفاہمتی یادداشت میں پائیدار طریقوں سے سی فوڈ کے حصول، ماحولیاتی تحفظ، مقامی افراد کو روزگار دینے، پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور مقامی ماہی گیروں سے طویل المدتی بنیادوں پر خریداری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں