قطر پاکستان کے ثالثوں کی امریکی و ایرانی مذاکرات کاروں سے ملاقاتیں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد/دو حہ /واشنگٹن 03جولائی 2026
قطر میں امریکا اور ایران کے مذاکرات میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں فریقین نے جلد اگلے دور کی بات چیت پر آمادگی ظاہر کر دی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قطر اور پاکستان کے ثالثوں نے دوحہ میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے متعلق امور پر مثبت پیش رفت ہوئی۔مذاکرات میں لیک لوسرن سربراہی اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھایا گیا اور مختلف اہم نکات پر تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ایرانی سپریم لیڈر کی تدفین کے بعد مذاکرات کی نئی تاریخ طے کی جائے گی، فریقین نے آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے تاہم دونوں ممالک نے آئندہ دور کی بات چیت ایران کے سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے بعد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق سابق سپریم لیڈر کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق مرکزی تقریبات 7 جولائی کو قم میں منعقد ہوں گی۔رپورٹس کے مطابق صبح 5 بجے مقامی وقت کے مطابق جنازے کی نماز ادا کی جائے گی، جس کی امامت ایران کے ایک سینئر شیعہ عالم کریں گے۔ دریں اثناءامریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکہ میں صحافیوں کو بتایا کہ بات چیت میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والی ٹریفک سے متعلق تفصیلات شامل تھیں۔جے ڈی وینس نے کہا کہ ظاہر ہے ہم جوہری مسئلے کے حوالے سے فکرمند ہیں، ہم اس بارے میں بات چیت شروع کرنے جا رہے ہیں۔قطری وزیر خارجہ شیخ محمد نے ایرانی مذاکرات کار کاظم غریب آبادی اور دیگر ایرانی حکام سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستانی ثالث بھی موجود تھے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایرانی وفد کی امریکی فریق کے ساتھ کوئی براہ راست بات چیت نہیں ہوئی اور ثالثوں کے ساتھ ان کی بات چیت کا محور لبنان اور ایران کے کچھ منجمد اثاثے واپس کرنے کے منصوبے تھے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے مشرق وسطی کی جنگ کے خاتمے پر تہران اور واشنگٹن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کے حوالے سے دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے اختتام کا اعلان کیا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی نے غریب آبادی کے حوالے سے بتایا کہ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے اور انہیں ریکارڈ کرنے کیلئے آج تک مواصلاتی چینل قائم کر لیا جائے گا ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قطر میں ایران کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت اس امر کی ابتدائی علامت ہے کہ حالیہ جھڑپوں کے بعد سفارت کاری برقرار ہے جس نے مشرق وسطی کی جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر سوار ہونے سے پہلے صحافیوں کو بتایا کہ جہاں تک حالات کا تعلق ہے تو ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل اچھی طرح آگے بڑھ رہا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق قطر اور پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والی اور گذشتہ ماہ سوئٹزرلینڈ کے شہر لوسرن میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں حتمی شکل دی جانے والی مفاہمت کی یادداشت میں 60 دن کی جنگ بندی، بند کی گئی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا اور جنگ اور ایران کے جوہری پروگرام پر حتمی معاہدے کیلئے ٹائم ٹیبل شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں