کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)27 جون :2026
ضلعی انتظامیہ موسیٰ خیل سے موصول ہونے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق 26 اور 27 جون 2026 کو تحصیل کنگری میں آنے والے دو زلزلوں کے نتیجے میں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے۔ 26 جون 2026 کو آنے والے زلزلے سے موضع چاپ میں تقریباً 80 تا 90 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ 06 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ بعد ازاں 27 جون 2026 کو آنے والے زلزلے سے تحصیل کنگری میں تقریباً 25 تا 35 مکانات متاثر ہوئے، جبکہ 10 تا 13 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ابتدائی مشترکہ جائزے کے مطابق دونوں زلزلوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر تقریباً 110 تا 125 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 18 تا 19 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ زخمیوں اور متاثرہ آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ مزید برآں متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر، باورچی خانے کا سامان، سولر لائٹس، گیس سلنڈر، فرشی چٹائیاں، مچھر دانیاں اور دیگر ضروری غیر غذائی امدادی اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں۔پی ای او سی، پی ڈی ایم اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے تفصیلی سروے جاری ہے تاکہ امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔