جیکب آباد(رپورٹ انیس جکھرانی) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش قبول نہیں کی جائے گی۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی کے لاکھوں کارکن دینی مدارس کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی تعلقہ جیکب آباد کے امیر مولانا عبدالجبار رند کی صدارت میں محمدی مسجد جیکب آباد میں منعقدہ مجلسِ عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے پوری دنیا، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی حرمین شریفین پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مقدس مقامات کی حرمت اور تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔اس موقع پر تعلقہ جے یو آئی کے جنرل سیکریٹری مولانا نصراللہ گھنیو، مولانا عبدالحلیم ابڑو، مولانا مولا بخش بکرانی، بابو بنگلانی، مولانا شہنواز رحمانی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل پیس کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جس میں جیکب آباد سے ہزاروں کارکن بھرپور شرکت کریں گے۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دینی اداروں کے تحفظ، امن کے قیام اور اسلامی شعائر کی پاسداری کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اجلاس کے موقع پر تعلقہ جے یو آئی کے سالار غلام قادر بروہی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق دے۔ آمین۔
جیکب آباد: دینی مدارس کے خلاف کوئی سازش قبول نہیں کی جائے گی،ڈاکٹر اے جی انصاری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل