عوام تبدیلی اور روشن مستقبل کے خواہاں ہیں۔ پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ(پ ر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ عوام پاکستان پارٹی عوام کے لیے امید کی کرن بن چکی ہے، عوام آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے مایوس اور ان کی روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ عوام اب ایسی سیاسی قیادت چاہتے ہیں جو اقتدار کو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بنائے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔کوئٹہ میں صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، معاشی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، لیکن ماضی میں اقتدار میں رہنے والی جماعتیں عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہیں۔ عوام بار بار آزمائے گئے سیاسی تجربات سے نکل کر ایک ایسی متبادل قیادت کی تلاش میں ہیں جو عوام کی آواز بنے اور ان کے مسائل کو اپنی اولین ترجیح قرار دے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کو بااختیار بنانا، ملک میں بہتر حکمرانی کو فروغ دینا اور ایک ایسا نظام متعارف کرانے کے لیے جدوجہد کرنا ہے جس میں عام شہری کو عزت، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کے اعتماد پر پورا اترنے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام پاکستان پارٹی عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی عوام کے ساتھ مل کر ایک خوشحال، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں