کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) بلوچستان ہائیکورٹ نے سریاب روڈ فلائی اوور منصوبے کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کردی فلائی اوور کو جیولوجیکل سروے آف پاکستان سے پی ٹی سی ایل ایکسچینج تک تعمیر کرنے کے لیے جامع اور قابلِ عمل تجویز تیار کرنے کا حکم دیدیا
چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے آئینی درخواست پر سماعت کی عدالت نے موجودہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل 600 میٹر طویل فلائی اوور اسکیم کو ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے ناکافی قرار دیتے ہوئے فلائی اوور منصوبے کی تکنیکی بنیادوں پر ازسرنو منصوبہ بندی اور ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ مگسی چوک سے جیولوجیکل سروے آف پاکستان تک سڑک کو فلائی اوور کے بجائے زمینی سطح پر بہتر بنایا جائے اور مناسب ٹی جنکشن کی تعمیر اور سڑک کی توسیع کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے