کوئٹہ(پ ر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال اور معاشی بحران میں مسلسل شدت تشویشناک ہے، جبکہ بلوچستان میں قومی شاہراہوں کا غیر محفوظ ہونا عوام، مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کیلئے سنگین مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ طویل فاصلے کی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، جس کے باعث معمولات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی اعتبار سے ملک کے اہم ترین صوبوں میں شامل ہے اور یہاں سے ملک کے مختلف حصوں کو ملانے والی قومی شاہراہیں تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ اگر شاہراہوں پر امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہ ہو تو اس کے اثرات نہ صرف عام شہری بلکہ ملکی معیشت اور تجارت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے عوام کا اعتماد بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے سیاسی و معاشی استحکام، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ملک میں نظام کی بہتری، عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور مضبوط معیشت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔بلوچستان کے عوام کو محفوظ ماحول، بہتر سفری سہولیات اور معاشی مواقع کی فراہمی ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت پورا کیا جانا چاہیے۔
ملک کی غیر یقینی سیاسی صورتحال تشویشناک ہے۔ سید امان شاہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل