انڈونیشیا پاکستان کا صحت اور تجارتی روابط کے فروغ کیلئے 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

کراچی(این این آئی)ہیلتھ ایشیا 2026ء کے موقع پر انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون اور تجارتی روابط کے فروغ کیلئے 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے، جن کی مجموعی متوقع مالیت 62 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔انڈونیشیا میڈیکا کی 3 روزہ سرگرمیوں کے اختتام پر کراچی میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل کی جانب سے انڈونیشیا میڈیکا کے وفود کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔پہلی مفاہمتی یادداشت انڈونیشیا کی ہیپلکی اور پاکستان کی ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن کے درمیان، دوسری پی ٹی بورڈن ایگل انڈونیشیا اور ملر اینڈ فپس پاکستان کے درمیان جبکہ تیسری پی ٹی ٹیلی سیہت انڈونیشیا اور ایجوکاسٹ گلوبل پاکستان کے درمیان طے پائی۔انڈونیشیا کے قونصل جنرل کراچی مدزاکر نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشتیں محض دستاویزات پر دستخط نہیں بلکہ دونوں ممالک کے صنعتی اداروں اور کاروباری کمپنیوں کے درمیان مضبوط روابط اور عملی تعاون کی جانب اہم قدم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کو عملی شراکت داری میں تبدیل کرنا اقتصادی سفارت کاری کا بنیادی مقصد ہے۔ہیپلکی اور ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت کاروباری روابط، باہمی مارکیٹ تک رسائی، صنعتی اور ضابطہ جاتی معلومات کا تبادلہ، استعداد کار میں اضافہ، تحقیق و ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، پیداواری مشینری، مقامی سطح پر تیاری، مشترکہ منصوبوں اور ڈیجیٹل صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔انڈونیشیا کی ہیپل کی طبی آلات کے شعبے سے وابستہ تقریباً 250 اداروں کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ پاکستان کی ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن کے تقریباً 300 درآمد کنندگان اور مقامی تیار کنندگان اس کے رکن ہیں ۔دیگر 2 مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے بھی انڈونیشیا اور پاکستان کی نجی کمپنیوں کے درمیان براہ راست کاروباری روابط کو وسعت دینے اور نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ہیلتھ ایشیا 2026ء کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے نمائش کا افتتاح کیا اور انڈونیشیا میڈیکا کے پویلین کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے علامتی طور پر ربن کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔ ان کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون اور انڈونیشیا کی پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں کو تقویت ملی۔عشائیے میں ہیپلکی کے سیکریٹری جنرل سگٹ محمد نزل، ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سید عمر احمد، ہیلتھ ایشیا نمائش و کانفرنس کے شریک بانی ڈاکٹر ذکی اللہ، منصوبے کے ڈائریکٹر فرحان انیس، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان، انڈونیشی وفود اور پاکستانی طبی و کاروباری شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے کہا کہ ہیلتھ ایشیا کے اختتام کے بعد بھی نمائش کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور رابطوں کو عملی کاروباری شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے فریقین کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ہیلتھ ایشیا میں انڈونیشیا میڈیکا کو مزید وسعت دی جائے گی اور زیادہ کمپنیوں کو پاکستان لاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں