کوئٹہ(پ ر) 30 جون 2026
عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری، ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور صوبے میں امن عوام کے لیے ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں سرعام قتل و غارت، ڈکیتی، اغوا اور دیگر جرائم روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں ، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی نے عوام کا چین و سکون چھین لیا ہے اور بلوچستان پورے ملک میں خوف کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔امن و امان کی خراب صورتحال سے نوجوانوں کا مستقبل بھی خطرات سے دوچار ہو گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اگر شہری محفوظ نہیں ہوں گے تو ترقیاتی منصوبے، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے تمام دعوے بے معنی رہ جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں مزید بہتری لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان امن، انصاف اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مو¿ثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو تحفظ، اعتماد اور پرامن ماحول میسر آ سکے۔
بلوچستان میں امن خواب بن چکا ہے‘ پروفیسر حلیم صادق