حسینی فکر کے علمبردار ہمیشہ ظلم جبر کے خلاف میدانِ عمل میں رہے ہیں‘ مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (پ ر)جمعیت علماءاسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفر اللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعد اللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے کہا ہے کہ ظلم و استبداد کے ایوانوں کو صدائے حق سے لرزا دینا جابر حکمرانوں کے ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانا اور مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہمارے اکابر و اسلاف کا روشن اور تابندہ طرزِ عمل رہا ہے۔ تاریخِ اسلام حق و باطل کی کشمکش میں اہلِ حق کی بے مثال قربانیوں استقامت اور جدوجہد سے مزین ہے۔ انہوں نے کہا کہ باطل قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ائمہ امت اور اکابرینِ دین کی عظیم روایات کا تسلسل ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی رہتی دنیا تک حق حریت اور استقامت کا روشن مینار ہے، جو امت کو ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قربانی پیش کرنے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یزیدی کردار اور ظالمانہ قوتیں ہر دور میں مختلف شکلوں میں موجود رہی ہیں لیکن حسینی فکر کے علمبردار ہمیشہ ظلم جبر کے خلاف میدانِ عمل میں رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام اپنے اکابر کی انہی درخشاں روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ملک میں دینی اقدار اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر قسم کے ظلم، ناانصافی اور استحصالی نظام کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں