پی۔ایم۔ڈی۔سی کو کمزور کرنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ ورکرز یونین

سورینج (پ ر) یونائیٹڈ مائنز ورکرز یونین سی بی اے سورینج نے نام نہاد مائنز فیڈریشن کے رہنما کی جانب سے پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PMDC) کے حوالے سے حالیہ پریس کانفرنس پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کانفرنس میں اختیار کیا گیا مؤقف تضادات کا مجموعہ ہے، جس کے ذریعے بیک وقت دو متضاد مؤقف اپنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یونین کے مطابق ایسے متضاد بیانات سے کان کنوں کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزدوروں میں مزید الجھن اور بے یقینی پیدا ہوگی۔ یونائیٹڈ مائنز ورکرز یونین سی بی اے سورینج نے کہا کہ نام نہاد مائنز فیڈریشن ایک طرف PMDC کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہوئے اسے قومی ادارہ قرار دیتی ہے، لیکن دوسری جانب جب یہی قومی ادارہ اپنی معدنی لیز اور منصوبے کو براہِ راست خود چلانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کی بھی مخالفت شروع کردی جاتی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر PMDC کو نجی ہاتھوں میں نہیں دینا تو پھر اس کے معدنی وسائل اور منصوبے کس کے حوالے کیے جائیں؟ قومی ادارے کو اپنے وسائل استعمال کرنے سے روکنے کا آخر کیا جواز ہے؟ یونین نے واضح کیا کہ PMDC ایک قومی ادارہ ہے اور قومی ادارے کے وسائل پر بنیادی اختیار خود اس ادارے کا ہونا چاہیے۔ اگر PMDC اپنی پیداواری سرگرمیاں براہِ راست چلانے، اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور اپنے معدنی وسائل کو خود استعمال کرنے کی جانب پیش رفت کرتا ہے تو اس اقدام کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، نہ کہ ایسے اقدامات کی مخالفت کرکے قومی ادارے کو مزید کمزور کرنے کی کوشش کی جائے۔
یونائیٹڈ مائنز ورکرز یونین سی بی اے سورینج نے نام نہاد مائنز فیڈریشن کے ذمہ داران سے سوال کیا کہ وہ اپنا مؤقف واضح کریں کہ آخر وہ چاہتے کیا ہیں؟ اگر PMDC کی نجکاری بھی قابلِ قبول نہیں اور قومی ادارے کو اپنی لیز اور منصوبے خود چلانے کی اجازت دینے پر بھی اعتراض ہے تو پھر اس ادارے کے وسائل کس کے حوالے کیے جائیں؟ کیا قومی وسائل کو ہمیشہ نجی ٹھیکیداروں اور مفاداتی گروہوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے؟ یونین نے کہا کہ قومی اداروں کی مضبوطی اور ان کے وسائل کا مؤثر استعمال ملکی مفاد میں ہے، اس لیے کسی بھی معاملے پر مؤقف اختیار کرتے وقت اصولی موقف اپنانا ضروری ہے۔
یونین نے کہا کہ نام نہاد مائنز فیڈریشن کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ قومی ادارے کے استحکام اور خودمختاری کے ساتھ کھڑی ہے یا ایسے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتی ہے جو قومی ادارے کو اپنے وسائل خود استعمال کرنے سے روکنے کے خواہاں ہیں۔ بیک وقت متضاد مؤقف اپنا کر مزدوروں کو مزید الجھن میں مبتلا نہیں کیا جا سکتا۔ کان کنوں کے نام پر سیاست کرنے کے بجائے ایسے اقدامات کی حمایت کی جانی چاہیے جو قومی ادارے کو مضبوط بنانے اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوں۔ یونائیٹڈ مائنز ورکرز یونین سی بی اے سورینج نے اپنے دوٹوک مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ PMDC کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کی مخالفت کی جائے گی۔ قومی اداروں کو مضبوط بنانا، قومی وسائل کو قومی اداروں کے اختیار میں رکھنا اور کان کنوں کے حقوق، روزگار اور معاشی تحفظ کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یونین نے کہا کہ وہ قومی اداروں کے استحکام اور محنت کشوں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں