کندھ کوٹ( نامہ نگار/ عبدالرزاق آزاد)عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مسرور احمد بجارانی کی قیادت میں پولیو سے آگاہی کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد عوام میں پولیو کے خطرات، اس سے بچاؤ اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مسرور احمد بجارانی نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں، محکمہ صحت، پولیو ٹیموں اور والدین کا باہمی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب ضلع کشمور میں 2 نومبر سے 5 نومبر 2026 تک جاری رہنے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ای او سی مانیٹر و عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے ڈاکٹر جہانگیر کورائی نے کی۔ اجلاس میں یو سی ایم اوز ،ایریا انچارجز اور پولیو مہم سے متعلق دیگر عملے نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمیونیکیشن آفیسر حماداللہ نے آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی سرگرمیوں، کمیونٹی موبلائزیشن، والدین سے مؤثر رابطہ کاری اور پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے خاندانوں کو قائل کرنے کے لیے مجوزہ حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جہانگیر کورائی نے کہا کہ آئندہ پولیو مہم کے دوران ہر یونین کونسل میں ٹیموں کی مؤثر نگرانی، مائیکرو پلان پر عمل درآمد، فیلڈ اسٹاف کی حاضری اور تمام ہدفی بچوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یو سی ایم اوز اور ایریا انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور مہم کے دوران کسی بھی بچے کے پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم رہ جانے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں پولیو مہم کے دوران درپیش ممکنہ مسائل، دور دراز علاقوں تک رسائی، ٹیموں کے درمیان رابطہ کاری اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تصویر کیپشن
کندھکوٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مسرور احمد بجارانی کی قیادت میں انسدادِ پولیو مہم کے آگاہی کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی
عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر ضلع کشمور میں آگاہی ریلی