لورالائی(میاں محمدعامربشیر آرائیں )کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی سربراہی میں محکمہ صحت کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کی خالی عارضی آسامیوں پر اہل امیدواروں کے انتخاب کے لیے ٹیسٹ اور انٹرویوز منعقد کیے گئے۔ اس عمل کا مقصد امیدواروں کی قابلیت، اہلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لے کر میرٹ کی بنیاد پر موزوں امیدواروں کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی میں ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز لورالائی ڈویژن ڈاکٹر عبدالرحمن شیرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال لورالائی ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی شامل تھے۔
سلیکشن کمیٹی نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی میں ڈاکٹروں، لیڈی ڈاکٹروں اور دیگر خالی عارضی آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے والے امیدواروں کے ٹیسٹ اور انٹرویوز لیے۔ اس دوران امیدواروں کی قابلیت، متعلقہ شعبے میں مہارت اور آسامیوں کے لیے ان کی اہلیت کا جائزہ لیا گیا تاکہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔کمیٹی کی جانب سے ٹیسٹ اور انٹرویوز کے بعد امیدواروں کی کارکردگی اور اہلیت کی بنیاد پر میرٹ لسٹ مرتب کرکے اہل امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ سرکاری آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، تاکہ قابل اور اہل افراد کو موقع فراہم کیا جا سکے اور محکمہ صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے۔
ٹیچنگ ہسپتال لورالائی میں طبی عملے کی دستیابی سے ہسپتال کی کارکردگی بہتر بنانے، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے اور عوام کو درپیش صحت کے مسائل کے مؤثر حل میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
لورالائی ڈویژن میں محکمہ صحت کی عارضی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے ٹیسٹ اور انٹرویوز کا انعقاد