گوادر (رپورٹ محمد سلیم رند) چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر فری زون میں قائم ہینگنگ ٹریڈ کمپنی کے سلاٹر ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں ہینگنگ ٹریڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اینڈی لیؤ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران چیرمین گوادر پورٹ نے کمپنی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر کمپنی کے سی سی او مسٹر اینڈی نے چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہینگنگ ٹریڈ کمپنی نے گوادر فری زون میں سلاٹر ہاؤس کے ساتھ گدھوں کی فارمنگ کا انتظام بھی قائم کیا ہے،

جہاں پاکستان کے مختلف علاقوں سے گدھے لا کر ان کی مناسب خوراک اور دیکھ بھال کا انتظام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کمپنی کے آپریشنز، پیداواری سرگرمیوں اور برآمدی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ گوادر فری زون میں ہینگنگ ٹریڈ کمپنی کا صنعتی منصوبہ گوادر کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر فری زون میں قائم صنعتی منصوبے ملکی معیشت، تجارت اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایسے منصوبوں سے مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور گوادر کو ایک اہم تجارتی و صنعتی مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر پورٹ فری زون میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کو اہمیت دیتی ہے، جبکہ ایسے منصوبوں کی ترقی سے گوادر کی معاشی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا گوادر فری زون میں قائم ہینگنگ ٹریڈ کمپنی کے سلاٹر ہاؤس کا دورہ