کوئٹہ(پ ر) آل بلوچستان بس یونین اور پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ شعبہ اس وقت شدید مالی دباؤ کا شکار ہے، بڑھتے ہوئے اخراجات، ٹیکسز، ٹول ٹیکس اور دیگر مسائل کے باعث ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا فوری نوٹس لے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ملکی معیشت اور عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم مسلسل بڑھتے ہوئے اخراجات نے ٹرانسپورٹرز کیلئے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔ڈیزل، گاڑیوں کے پرزہ جات، ٹائرز، مرمت اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ دوسری جانب مسافروں کی مالی مشکلات کے پیش نظر کرایوں میں اضافہ بھی آسان نہیں۔انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کا اہم حصہ ہیں اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس شعبے سے وابستہ ہے۔حکومت ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں سے بامقصد مذاکرات کرے اور مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع پالیسی تشکیل دے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز پر عائد غیر ضروری بوجھ کم کیا جائے، ٹیکسز اور دیگر اخراجات پر نظرثانی کی جائے اور انہیں درپیش عملی مشکلات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز عوام کو محفوظ، آرام دہ اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے حکومت کو بھی ٹرانسپورٹ شعبے کے استحکام کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
ٹرانسپورٹ شعبہ شدید مشکلات اور دباؤ کا شکار ہے۔ حکومت توجہ دے۔ ظاہر شاہ کاکڑ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل