تربت(نامہ نگار) معروف سیاسی و سماجی رہنما غلام اعظم دشتی نے تربت پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں تربت پریس کلب کے نومنتخب صدر حافظ صلاح الدین سلفی، نائب صدر نور شاہ نور، جنرل سیکرٹری ماجد صمد، جوائنٹ سیکرٹری ایاز اسلم، فنانس سیکرٹری مقبول ناصر، انجمن تاجران کیچ کے صدر نثار آدم جوسکی، آل مکران تاجر اتحاد کے صدر اسحاق روشن دشتی، اعجاز علی محمد جوسکی، جمال مری، جمیل عمر دشتی سمیت صحافیوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر غلام اعظم دشتی نے تربت پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ صحافتی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھاتے ہوئے علاقے کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے ، مثبت صحافت کے فروغ اور معاشرے میں باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ملاقات کے دوران کیچ اور مکران کے مجموعی علاقائی مسائل، عوام کو درپیش مشکلات اور دیگر اہم امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی، سماجی، تجارتی اور صحافتی حلقوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔غلام اعظم دشتی نے تربت پریس کلب کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافت معاشرے کی اصلاح اور عوامی مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے نومنتخب کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر تربت پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی جانب سے غلام اعظم دشتی کا پرتکلف ظہرانے اور پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا گیا۔
غلام اعظم دشتی کا تربت پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل