گنداخہ،عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے: چیئرمین ڈاکٹر جاوید اختر جمالی

گنداخہ:( نامہ نگار) چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی کے بلدیاتی بجٹ سے گنداخہ سٹی کی مختلف گلیوں میں سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی کا کام جاری ہے،میونسپل کمیٹی کی جانب سے گلیوں میں نالیوں کی صفائی، بحالی اور ضروری تعمیر و مرمت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں،جس کا مقصد شہریوں کو نکاسی آب کے درپیش مسائل سے نجات دلانا اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے،گنداخہ شہر میں ترقیاتی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، اس حوالے سے چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی نے تحصیل پریس کلب گنداخہ کے چیئرمین و سینئر صحافی فرید احمد قمبرانی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گنداخہ شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہےانہوں نے کہا کہ بلدیاتی بجٹ اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کی مختلف گلیوں میں سیوریج اور نالیوں کی بحالی کا کام مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا۔ڈاکٹر جاوید اختر جمالی نے کہا کہ گنداخہ شہر میں نکاسی آب کا مؤثر نظام شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے، اسی لیے میونسپل کمیٹی کی جانب سے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہر کی مختلف گلیوں میں سیوریج نظام کی بہتری سے نہ صرف گندے پانی کی نکاسی میں آسانی ہوگی بلکہ شہریوں کو روزمرہ زندگی میں درپیش مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا میونسپل کمیٹی کی ذمہ داری ہے محدود وسائل کے باوجود شہر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور دستیاب بجٹ کو عوامی مفاد میں شفاف اور مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی،چیئرمین میونسپل کمیٹی نے یقین دلایا کہ گنداخہ شہر کی دیگر گلیوں میں بھی ضرورت کے مطابق نالیوں کی تعمیر و مرمت اور سیوریج نظام کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ مرحلہ وار شہر کے تمام علاقوں میں بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ گنداخہ کو صاف ستھرا، بہتر نکاسی آب اور بنیادی سہولیات سے آراستہ شہر بنانا ہماری ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں