کوئٹہ(پ ر) بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی اعلامیہ کے مطابق مری ٹاؤن مشرقی بائی پاس میں بڑھتی ہوئی وارداتوں اور عوام کو درپیش سکیورٹی مسائل کے حوالے سے پولیس ہیلپ لائن کو شکایت درج کرائی گئی، جس پر پولیس حکام کی جانب سے فوری اور مؤثر ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ شکایت کے بعد ایس ایس پی آپریشن سریاب اور ایس ایچ او تھانہ عبد الخالق شہید نے بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ، جو مذکورہ علاقے کے رہائشی بھی ہیں، سے فوری طور پر رابطہ کرکے علاقے کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کیں اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ بلوچستان میڈیا فورم نے پولیس ہیلپ لائن کے کوئیک رسپانس اور ایس ایس پی آپریشن سریاب کی جانب سے فوری رابطے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی شکایات پر اسی طرح بروقت توجہ دی جائے تو جرائم کی روک تھام اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ممکن ہے۔ فورم کے مطابق پولیس کی فوری کارروائی کے بعد مری ٹاؤن اور گردونواح کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ بلوچستان میڈیا فورم نے امید ظاہر کی کہ مری ٹاؤن مشرقی بائی پاس سمیت شہر کے دیگر حساس علاقوں میں بھی پولیس گشت اور نگرانی کا مؤثر نظام برقرار رکھا جائے گا تاکہ شہری بلاخوف اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں۔ فورم نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا واردات کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن سے رابطہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
پولیس ہیلپ لائن کوئٹہ کا کوئیک رسپانس , وارداتوں کی شکایت پر فوری کارروائی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل