سونمیانی وندر(رپورٹ۔زبیر بلوچ)میونسپل کمیٹی وندر نے کتا مار مہم کا آغاز کردیا ۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل ، سیکریٹری عنایت اللہ راٹھوڑ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کا عملہ گزشتہ دو روز سے وندر شہر کے مختلف علاقوں ، گلی محلوں اور آبادیوں میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے ۔ اس حوالے سے میونسپل کمیٹی وندر کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا میونسپل کمیٹی کی ذمہ داری ہے ۔ شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث شہریوں بالخصوص بچوں ، خواتین اور بزرگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ جس کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے کتا مار مہم شروع کی گئی ہے ۔ وندر کے مختلف علاقوں میں میونسپل کمیٹی کا عملہ صورتحال کا جائزہ لے کر آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے ۔ جبکہ شہریوں کی جانب سے نشاندہی کیے جانے والے علاقوں کو بھی مہم میں شامل کیا جارہا ہے ۔ شہریوں کو کسی بھی قسم کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے میونسپل کمیٹی اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے گی اور آوارہ کتوں کے خلاف مہم کو صرف چند روز تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ ضرورت کے مطابق اس کا سلسلہ مزید جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں آوارہ کتوں کی موجودگی کی اطلاع میونسپل کمیٹی وندر کو دیں تاکہ عملہ بروقت کارروائی کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی وندر شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل اور شہر میں بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
میونسپل کمیٹی وندر نے کتا مار مہم کا آغاز کردی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل