معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ‘سائرہ عطاء

سونمیانی وندر(رپورٹ۔زبیر بلوچ)کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں سہولیات و مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے انسان اگر اپنا طرزِ فکر درست کرلے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے کامیابی کی منزل سے دور نہیں کرسکتی جسمانی معذوری کا شکار افراد کو مایوس ہونے کے بجائے حوصلے اور عزم کے ساتھ زندگی کی نئی شروعات کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وندر میں ضلع لسبیلہ اور حب کے معذور افراد میں وہیل چیئرز کی فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر انجینئر معذور بچی آمنہ رول ماڈل کے طور پر پاکستان کی شناخت بن چکی ہیں ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے معذور بچوں کی طرح بلوچستان کے معذور بچوں کو بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن سے لے کر ایتھلیٹ بننے تک تمام مواقع میسر ہوں اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایت پر خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے معذور بچوں اور بچیوں میں وہیل چیئرز تقسیم کیں جبکہ انہیں نقد انعامات بھی دیے۔ تقریب میں علاقائی معززین ، فلاحی اداروں کے رضاکاروں اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے افتتاحی کلمات ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے بانی جاوید رئیس نے ادا کیے۔ انہوں نے پروگرام کی سرپرستی کرنے پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کے وژنری جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان کے ادارے کے زیرنگرانی 18 سینٹرز میں معذور افراد کو ووکیشنل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے تعاون سے کراچی میں معذور افراد کے لیے پہلی یونیورسٹی بھی قائم کی جارہی ہے جبکہ سندھ میں معذور افراد کے لیے پانچ فیصد ملازمتوں کا کوٹہ موجود ہے۔ جاوید رئیس نے کہا کہ کمشنر لسبیلہ ڈویژن وژنری سوچ رکھتی ہیں کمشنر کی تعیناتی کے بعد ملازمتوں میں معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کروانا حکومت بلوچستان کا ایک تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم انتظامیہ کے تعاون سے پہلے مرحلے میں معذور افراد کو 25 وہیل چیئرز فراہم کی گئی ہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 3 دسمبر عالمی یومِ معذور کے موقع پر انتظامیہ کے تعاون سے لسبیلہ ڈویژن میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ معذور افراد کی بحالی اور فزیوتھراپی کے لیے بھی لسبیلہ ڈویژن انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ تنظیم کے رضاکار و سماجی شخصیت ڈاکٹر غلام قادر نے پروگرام کے انعقاد میں انتظامیہ کی کاوشوں اور ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی اور پاکستان انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر کے اشتراک کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وندر ، اوتھل اور بیلا کے باہمت معذور افراد جن کی عمریں 8 سے 40 سال کے درمیان ہیں کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اب تک 250 معذور افراد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق معذور افراد کو اعلیٰ معیار کی کسٹمائزڈ امپورٹڈ وہیل چیئرز فراہم کی جارہی ہیں لہٰذا تمام مستحق افراد جلد از جلد اپنی رجسٹریشن کروائیں تاکہ انہیں بھی اس سہولت سے مستفید کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں