گنداخہ(نامہ نگار) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان سردارزادہ فیصل خان جمالی سے معروف سیاسی و سماجی شخصیات سید غفار علی جمالی، میر ریاض حسین ہجوانی سمیت حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور عوام نے گوٹھ سردار رستم خان جمالی بکھرڑا میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقے کی مجموعی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی امور اور مختلف علاقائی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر حلقہ انتخاب سے آئے ہوئے عمائدین اور عوام نے صوبائی وزیر سردارزادہ فیصل خان جمالی کو اپنے علاقوں میں درپیش مختلف بنیادی مسائل سے آگاہ کیا اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے فوری توجہ دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے علاقے میں بنیادی سہولیات، ترقیاتی کاموں اور دیگر عوامی نوعیت کے مسائل کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے عوامی مسائل اور شکایات کو غور سے سنا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش جائز مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور حلقے کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے ، عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ حلقہ انتخاب کے عوام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور ان کی تجاویز و شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ اداروں تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں ،ملاقات کے دوران علاقائی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور مستقبل کے مختلف امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ شرکاء نے صوبائی وزیر کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
عوامی خدمت اور حلقے کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے‘فیصل جمالی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل