چمن (محمد صدیق مدنی) کالج روڈ چمن پر 9 ستمبر کو فائرنگ کے نتیجے میں نذر محمد ولد نیک محمد کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم قدرت اللہ کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے قبضے سے آلۂ قتل پسٹل بھی برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے نذر محمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ سرانان کے قریب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ پولیس تھانہ کاریزات میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقتول کے لواحقین سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرایا گیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع چمن اعتزاز عارف نے ڈی ایس پی سرکل چمن کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ پولیس کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پیشہ ورانہ تفتیش اور جدید طریقۂ کار کے ذریعے 14 ستمبر کو کارروائی کرتے ہوئے ملزم قدرت اللہ کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم مقتول کا بھتیجا نکلا ہے ، جبکہ واقعے کے دیگر محرکات اور شواہد کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اعتزاز عارف نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
کالج روڈ چمن قتل کیس میں اہم پیش رفت، مبینہ قاتل گرفتار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل