سونمیانی وندر(نمائندہ بلوچستان آبزرور)وندر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک ڈکیٹ ہلاک دو ساتھی گرفتار دو فرار ہونے میں کامیاب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل مجاہد زخمی جسے فوری طور پر کراچی ریفر کر دیا گیا ۔ ہلاک ڈکیت کی لاش ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئی ۔ پولیس مقابلے کے بعد ڈاکوؤں کے زیر استعمال سوزوکی گاڑی اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ فائرنگ کے دوران وندر پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا ۔ گرفتار ڈاکوؤں کا تعلق جامشورو اور نوشہرو فیروز سندھ سے بتایا جاتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب وندر پولیس اسٹیشن کی حدود میں مین قومی شاہراہ RCD روڈ پر رات گئے وندر پولیس نے خفیہ اطلاع پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث مبینہ بدنام زمانہ ڈکیت گروہ کے خلاف کارروائی کی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس حب کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایس ایس پی ضلع حب مرزا بلال حسن کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل وندر محمد جان ساسولی کی زیر نگرانی میں ایس ایچ او وندر عبدالحق موسیانی نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کی ۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مطلوب ڈکیت گروہ مین RCD روڈ پر گاڑیوں کو اسلحہ کے زور پر روک کر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے جس پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی نقل و حرکت محدود کرکے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی ۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران بدنام زمانہ ڈکیت جاوید علی بروہی شدید زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے دو ساتھی ملزمان محمد اسحاق اور رضا محمد کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ شدید زخمی ڈکیت جاوید علی بروہی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج ہلاک ہوگیا ۔ جس کی لاش ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کردی گئی ۔ پریس ریلیز کے مطابق ڈاکوؤں کی گینگ وندر پولیس اسٹیشن کی حدود میں راشن بردار گاڑیوں کو روک کر راشن اتارنے سمیت شاہراہ پر ڈکیتی کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث رہی ہے ۔ پولیس مقابلے کے دوران پولیس اہلکار کانسٹیبل مجاہد بھی زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے بعد کراچی ریفر کردیا گیا ۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ڈکیتی کی وارداتوں میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی برآمد کرلی جبکہ فائرنگ کے دوران وندر پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم جاوید علی بروہی 12 سے زائد مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب رہا ہے دستیاب ریکارڈ کے مطابق اس کے خلاف حیدرآباد اور جامشورو کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں جن میں PPC کی دفعات 397، 353، 324، 341، 427، 147، 148، 149، 337-H اور 9/C CNS Act سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ جن میں ڈکیتی ، مزاحمت ، مسلح جرائم اور منشیات سے متعلق دفعات شامل ہیں ۔ گرفتار دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے بعد تفتیش کے لیے پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے اور پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کرتے ہوئے گروہ کے دیگر ساتھیوں سہولت کاروں اور سابقہ ڈکیتی کی وارداتوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس حب کے مطابق مین RCD روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر شہریوں مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے جان و مال کے تحفظ کے لیے گشت ، ناکہ بندی ، چیکنگ اور خفیہ نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے ۔ اس موقع پر ایس پی حب مرزا بلال حسن نے پولیس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور ڈکیت گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
وندر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک ڈکیٹ ہلاک دو ساتھی گرفتار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل