ڈپٹی کمشنر چمن کی زیرِ صدارت والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامی کمیٹیوں کا اہم اجلاس

چمن (محمد صدیق مدنی) ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامی کمیٹیوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع چمن کے سرکاری تعلیمی اداروں سے متعلق مختلف امور، اسکولوں کی کارکردگی اور تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسکولوں میں دستیاب سہولیات، طلبہ و اساتذہ کو درپیش مسائل، تعلیمی ماحول کی بہتری اور اسکولوں کے انتظامی معاملات سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ ضلع چمن میں معیاری تعلیم کے فروغ اور سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامی کمیٹیوں کے درمیان مؤثر رابطہ تعلیمی نظام کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکولوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور اسکول انتظامی کمیٹیوں کو فعال بنا کر والدین اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، منصوبہ انتظامی یونٹ کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر ضلع چمن کے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور فعال بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں