فنی و پیشہ ورانہ تربیتی فری کورسز مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کی تقسیمِ اسناد کی پروقار تقریب

سونمیانی وندر(رپورٹ۔زبیر بلوچ)وزیراعظم یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام بیج تھری کے تحت نیوٹیک کے تعاون سے پروفیشنل اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر وندر میں تین ماہ کے فنی و پیشہ ورانہ تربیتی فری کورسز مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کی تقسیمِ اسناد کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن وندر سیف علی مغل ، جام گروپ کے سینئر رہنما و معروف قبائلی شخصیت میر بہادر خان جاموٹ ، چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر عبدالحمید رونجہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران تین ماہ کے مختلف تربیتی کورسز مکمل کرنے والے 50 طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔ پروفیشنل اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر وندر میں گرافکس ڈیزائننگ ، ایل ٹی وی ڈرائیونگ اور ایچ ٹی وی ڈرائیونگ کے تین ماہ کے کورسز کروائے گئے۔ جن کی کامیاب تکمیل پر طلباء و طالبات کو اسناد دی گئیں ۔ اس موقع پر مراد بخش موندرہ اور ڈاکٹر محمد صدیق دودا بھی اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن وندر سیف علی مغل کے ہمراہ تھے۔ جبکہ سینئر صحافی مہراللّٰہ الفت ، زبیر بلوچ ، محمد رفیق بلوچ ، محمد رمضان لاسی ، تنویر حفیظ ایوبی سمیت دیگر معززین نے تقریب میں شرکت کی۔ پروفیشنل اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر وندر کے پرنسپل سید نبی بخش شاہ نے تمام آنے والے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ موجودہ دور میں فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا حصول نوجوانوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ہنر مند نوجوان اپنے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے اور ملکی معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرافکس ڈیزائننگ اور ڈرائیونگ جیسے فنی شعبوں میں تربیت نوجوانوں کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے اور روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ مہمانانِ خصوصی نے تین ماہ کے کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حاصل کردہ ہنر کو عملی زندگی میں بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے اور مزید مہارت حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے پروفیشنل اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر وندر کی جانب سے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام علاقے کے نوجوانوں کے لیے ترقی خود انحصاری اور باعزت روزگار کے نئے راستے کھولنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اس موقع پر اسناد حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل سید نبی بخش شاہ کی جانب سے تمام مہمانوں کے اعزاز میں ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں مہمانانِ خصوصی طلباء و طالبات اور دیگر شرکاء کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں