چمن میں یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے پُروقار ریلی کا انعقاد

چمن (محمد صدیق مدنی) ضلع چمن میں یومِ دفاعِ پاکستان کے سلسلے میں ایک پُروقار اور شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ کرام، طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن عبدالقدوس خان اچکزئی اور پرنسپل گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول چمن حاجی غلام سرور نے کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ اس موقع پر شرکاء نے وطن عزیز سے والہانہ محبت، قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی کے اختتام پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 6 ستمبر 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں وطن کے دفاع، قومی اتحاد، ایثار اور قربانی کے لازوال جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد اور پُرعزم ہے اور ملکی دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی، قومی شعور، اتحاد و اتفاق اور وطن سے وفاداری کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ مقررین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ طلباء اور نوجوانوں کو ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں