نوشکی واقعہ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے،پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ(پ ر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے نوشکی میں گزشتہ دنوں ایک 9 سالہ معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد اسے گلے میں پھندا ڈال کر بے دردی سے قتل کرنے کے انسانیت سوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک سانحہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک معصوم بچی کے ساتھ اس قدر سفاکانہ اور وحشیانہ سلوک کرنے والے عناصر انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں اور ایسے درندہ صفت ملزمان کو قانون کے مطابق ایسی عبرتناک سزا دی جانی چاہیے کہ آئندہ کوئی شخص اس قسم کے گھناو¿نے جرم کا تصور بھی نہ کرسکے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ نوشکی میں پیش آنے والا یہ المناک واقعہ صوبے میں بچوں اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ ایک مہذب اور اسلامی معاشرے میں معصوم بچوں کے ساتھ جنسی تشدد اور قتل جیسے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں، جن کی روک تھام کیلئے محض مذمتی بیانات کافی نہیں بلکہ ریاستی اداروں، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری اور مو¿ثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے شفاف اور تیز رفتار تحقیقات کی جائیں اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر متاثرہ خاندان کے زخموں کو مزید گہرا کرنے کے مترادف ہوگی، اس لیے حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں کو اس کیس کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانا چاہیے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ معصوم بچوں کا تحفظ ریاست، والدین، تعلیمی اداروں اور پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام کیلئے مو¿ثر قانون سازی پر عملدرآمد، عوامی آگاہی، تعلیمی اداروں میں حفاظتی تربیت اور مجرموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان نوشکی کی معصوم بچی کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس انسانیت سوز واقعہ میں ملوث تمام سفاک عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مظلوم خاندان کو انصاف مل سکے اور معاشرے میں ایسے جرائم کے سدباب کیلئے ایک واضح اور مو¿ثر پیغام جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں