کوئٹہ (سٹی رپورٹ) شمشاد رائٹرز فورم پاکستان کے زیرِ اہتمام سیرۃ النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کاکوزئی ہاؤس شاوکشاہ روڈ کوئٹہ میں ہوا جس میں فورم کے عہدیداران اور اہلِ علم و قلم نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حافظ سعید اللہ کے تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا ۔ تقریب سے شمشاد رائٹرز فورم پاکستان کے مرکزی صدر و سابق ممبر یوتھ پارلیمنٹ حافظ محمد صدیق مدنی، جنرل سیکرٹری غلام محمد مخلص، نائب صدور شفیع اللہ بلوچ، راز محمد گل ترین، محمد خان اچکزئی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیر محمد کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ دور کے معاشرتی مسائل، اخلاقی کمزوریوں اور باہمی اختلافات کا مؤثر حل سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ ہمیں عشقِ رسول ﷺ کو محض جذبات تک محدود رکھنے کے بجائے آپ ﷺ کے اعلیٰ اخلاق، عدل، برداشت، رواداری، اخوت اور انسانیت سے محبت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ رسول ﷺ سے روشناس کرانے اور ان میں مثبت، تعمیری اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینے کے لیے ایسی علمی و فکری نشستوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شمشاد رائٹرز فورم پاکستان آئندہ بھی ادب، صحافت اور مثبت سماجی شعور کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر شمشاد رائٹرز فورم پاکستان کے سرپرست، بلوچستان کے معروف و قدیم دینی درسگاہ مدرسہ عربیہ بحرالعلوم چمن کے بانی شیخ الحدیث حضرت مولانا فتح محمد چمنی نور اللہ مرقدہ اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
شمشاد رائٹرز فورم پاکستان کے زیرِ اہتمام سیرۃ النبی کانفرنس کوئٹہ کا انعقاد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل