جشن عید میلادالنبی ﷺ ڈیرہ مراد جمالی میں بھی مذہبی جوش و خروش، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

نصیرآباد (نامہ نگار راضی بلوچ)جشن عید میلادالنبی ﷺ ڈیرہ مراد جمالی میں بھی مذہبی جوش و خروش، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مولانا عبدالحکیم انقلابی، مولانا نواب الدین ڈومکی، مولانا محمد داؤد نقشبندی، مولانا محمد آصف قادری، صوفی کریم بخش حسینی، مولانا عطاء اللہ، علامہ محمد اقبال قادری اور مولانا رستم خان نورانی کی قیادت میں مختلف جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیوں اور جلوسوں میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے نعلینِ پاک، مسجد نبوی ﷺ اور گنبدِ خضرا کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ درود و سلام اور ’’لبیک یا رسول اللہ ﷺ‘‘ کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ مختلف جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوتے گئے، جو بعد ازاں ڈی سی چوک پر بڑے اجتماع اور پنڈال کی شکل اختیار کر گیا۔پنڈال سے علماء کرام اور مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانیت پر عظیم احسان فرماتے ہوئے اپنے پیارے حبیب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو دنیا میں مبعوث فرمایا۔ آپ ﷺ کی آمد سے کفر و جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور دنیا نورِ ہدایت سے منور ہوگئی۔مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس اور اسوۂ حسنہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، ہمیں چاہیے کہ آپ ﷺ کی سنتِ مبارکہ اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکیں۔جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے چیف آفیسر میر سلیم خان ڈومکی کی ہدایت پر اور مقامی تاجر نصیر احمد ایری کی جانب سے شرکاء کے لیے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئیں، جہاں جلوس کے شرکاء کو پانی اور مشروبات فراہم کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں