بسیمہ مامن و امان کے لیے N-85 اور باغات کی نگرانی لازمی

بسیمہ (نامہ نگار): بسیمہ میں بجلی کے بحران، صحت کی بنیادی سہولیات، امن و امان اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ایریا کمانڈر کرنل سالار نے کی کھلی کچہری میں عوام، عمائدین، زعمائے علاقہ اور مختلف سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی اور علاقے کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی کھلی کچہری میں ایس ڈی او کیسکو عبدالجلیل، ڈی ایس پی بسیمہ عبدالمالک اور ایس ایچ او بسیمہ عبدال حکیم نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر بسیمہ عبد الستار مینگل نے بذریعہ زوم شرکت کی۔ اس موقع پر عوام نے بجلی، صحت، امن و امان، میٹرز، بلنگ اور ہسپتال تک رسائی سمیت مختلف مسائل براہ راست حکام کے سامنے رکھے عوام نے بجلی کی طویل اور غیر معمولی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بسیمہ میں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ پہلے تقریباً چار گھنٹے تھا، جسے کم کرکے تقریباً دو گھنٹے کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شدید گرمی میں شہریوں، تاجروں، طلبہ، مریضوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ایریا کمانڈر کرنل سالار نے ایس ڈی او کیسکو عبدالجلیل سے بجلی کی فراہمی میں کمی کی وجوہات دریافت کیں۔ ایس ڈی او کیسکو نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی میں کمی اعلیٰ حکام کی جانب سے جاری احکامات کے تحت کی گئی ہے، کیونکہ جن علاقوں میں بجلی کے بلوں کی وصولی کم ہے وہاں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ کم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر کرنل سالار نے ایس ای کیسکو کامران بخش بادینی سے رابطہ کرکے بجلی کے مسئلے کا فوری حل نکالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پہلے مرحلے میں بسیمہ میں بجلی کی فراہمی کا سابقہ دورانیہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے بعد بجلی کی فراہمی کا دورانیہ مرحلہ وار چار سے چھ، پھر آٹھ اور بالآخر بارہ گھنٹے تک بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ایس ڈی او کیسکو نے بتایا کہ بسیمہ میں 560 قانونی بجلی کنکشنز موجود ہیں، جن میں سے صرف 172 صارفین نے بجلی کے بل ادا کیے ہیں۔ اس پر ایریا کمانڈر نے عوام سے اپیل کی کہ قانونی کنکشن رکھنے والے صارفین اپنے بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جا سکیں غیر قانونی بجلی کنکشنز کے حوالے سے کرنل سالار نے واضح کیا کہ علاقے کے عمائدین اور زعماء اپنے اپنے علاقوں میں غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشن استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اور ضرورت پڑنے پر ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی کھلی کچہری میں میٹرز اور بلنگ کے مسائل بھی بھرپور انداز میں اٹھائے گئے۔ عوام نے شکایت کی کہ بعض صارفین کو میٹر نصب کیے بغیر اندازے کی بنیاد پر بل جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ کئی شہری میٹرز کی تنصیب کے لیے رقم جمع کرا چکے ہیں لیکن تاحال ان کے میٹرز نصب نہیں کیے گئے کرنل سالار نے ایس ڈی او کیسکو کو ہدایت کی کہ میٹرز سے متعلق تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ جن صارفین کے میٹرز موجود ہیں انہیں فوری نصب کیا جائے جبکہ جن افراد نے میٹرز کے لیے رقم جمع کرائی ہے، انہیں مقررہ طریقہ کار کے مطابق ڈیمانڈ نوٹس حاصل کرکے میٹرز فراہم کیے جائیں نئے کنکشن کے خواہش مند شہریوں کو بھی قواعد و ضوابط کے مطابق میٹرز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ بلنگ کا نظام شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے کھلی کچہری میں بسیمہ کی مجموعی امن و امان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ایریا کمانڈر کرنل سالار نے N-85 قومی شاہراہ اور اس کے گردونواح میں موجود باغات اور دیگر املاک کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی جائیدادوں کی مؤثر نگرانی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی گھر، دکان، مکان، باغ یا دیگر ملکیتی جگہ کو دہشت گرد عناصر کی جانب سے استعمال کیے جانے کی اطلاع ملنے کے باوجود مالک یا ذمہ دار شخص کی جانب سے بروقت متعلقہ اداروں کو اطلاع نہ دینا قانون کے مطابق کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فوری تعاون کریں صحت کے شعبے میں عوام نے شیخ خلیفہ بن زید سول تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بسیمہ میں ڈینٹل شعبے کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر نور نے بتایا کہ ڈینٹل شعبے کے لیے فی الحال مناسب عمارت دستیاب نہیں ہے ایریا کمانڈر کرنل سالار نے کہا کہ BSDI فیز فور کے تحت ڈینٹل شعبے کے لیے مناسب عمارت تعمیر کی جائے گی، تاہم اس وقت تک عوام کو دانتوں کے علاج کی سہولت سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر نور کو ہدایت کی کہ عبوری طور پر ڈینٹل سروس کے لیے فوری انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی طبی سہولت کے حصول کے لیے دیگر علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے ہسپتال تک مریضوں، لواحقین اور ڈاکٹرز کی آمد و رفت کا مسئلہ بھی کھلی کچہری میں اٹھایا گیا۔ عوام اور طبی عملے نے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کے راستے میں موجود بیریئرز پر ایسے اہلکار تعینات کیے جائیں جو ضرورت کے وقت فوری طور پر راستہ کھول سکیں کرنل سالار نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی بسیمہ عبدالمالک کو ہدایت کی کہ ہسپتال اور اس کے گردونواح میں موجود بیریئرز پر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ مریضوں، لواحقین، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو ہسپتال آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے امن و امان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایریا کمانڈر کرنل سالار نے کہا کہ امن ہی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ان شاء اللہ علاقے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بسیمہ میں پائیدار امن، عوامی تحفظ اور ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے کھلی کچہری کے اختتام پر کرنل سالار نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں اور اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، صحت، بنیادی سہولیات، میٹرز، بلنگ اور امن و امان سے متعلق عوامی شکایات کو محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے کھلی کچہری میں کیے گئے فیصلوں کو عوام نے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بجلی کی فراہمی میں اضافہ، میٹرز کی تنصیب، ڈینٹل شعبے کی فعالیت، ہسپتال تک آسان رسائی اور امن و امان کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں