سونمیانی وندر(نمائندہ بلوچستان آبزرور) آل بلوچستان لوکل کونسل فورم کی جانب سے صوبے بھر میں لوکل کونسلز کے نان سیلری و ڈویلپمنٹ فنڈز کی بندش لوکل کونسل فنڈز کمیشن کا اجلاس منعقد نہ ہونے اور دیگر جائز مطالبات کی منظوری کے لیے دی جانے والی احتجاجی کال پر میونسپل کمیٹی وندر نے دفاتر کی مکمل تالا بندی کرتے ہوئے میونسپل سروسز بند کر دی ۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ نے آل بلوچستان لوکل کونسل فورم کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجاً تمام میونسپل سروسز معطل کرنے کی ہدایت کردی ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر عبدالحمید رونجہ کونسلران اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین بھی موجود تھے ۔ میونسپل کمیٹی وندر کی تمام مشینری اور گاڑیاں کھڑی کردی گئیں جبکہ عملے نے کام بند ہڑتال کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے دفاتر کی مکمل تالا بندی کردی۔ تفصیلات کے مطابق آل بلوچستان لوکل کونسل فورم کی جانب سے حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن مکمل ہونے کے باوجود عملی پیش رفت نہ ہونے پر 19 اگست سے صوبے بھر میں میونسپل سروسز بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ فورم کا مؤقف ہے کہ لوکل کونسل فنڈز کمیشن کا اجلاس بروقت منعقد نہ ہونے اور نان سیلری و ڈویلپمنٹ فنڈز کے اجراء میں تاخیر کے باعث صوبے بھر کی لوکل کونسلز شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں جس سے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی میونسپل سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ نے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ لوکل کونسلز کو درپیش مالی مشکلات اور فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث بلدیاتی اداروں کے لیے شہریوں کو مؤثر میونسپل سہولیات فراہم کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر لوکل کونسل فنڈز کمیشن کا اجلاس طلب کرے اور لوکل کونسلز کے نان سیلری و ڈویلپمنٹ فنڈز سمیت دیگر واجب الادا فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ بلدیاتی ادارے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ میونسپل کمیٹی وندر کی تالا بندی اور سروسز کی بندش کے باعث شہری انفراسٹرکچر اور دیگر میونسپل امور بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میونسپل کمیٹی کی تمام گاڑیاں کھڑی ہونے کے باعث معمول کے صفائی کے کام اور دیگر شہری خدمات بھی معطل رہیں گی۔ آل بلوچستان لوکل کونسل فورم نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری بلوچستان ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ لوکل کونسل فنڈز کمیشن کا اجلاس فوری طور پر منعقد کرکے نان سیلری و ڈویلپمنٹ فنڈز سمیت لوکل کونسلز کے واجب الادا فنڈز جاری کیے جائیں اور منتخب بلدیاتی نمائندگان کے جائز مطالبات فی الفور منظور کیے جائیں۔ میونسپل کمیٹی وندر نے مطالبات کی منظوری اور فنڈز کے اجراء تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وندر،لوکل کونسلز کے نان سیلری و ڈویلپمنٹ فنڈز کی بندش لوکل کونسل فنڈز کمیشن کا اجلاس
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل