سونمیانی وندر(رپورٹ/زبیر بلوچ)وندر سٹی میں خطیر رقم سے 2 لاکھ گیلن واٹر ٹینک منصوبہ ٹھیکدار کی مبینہ سست روی کا شکار عوامی سہولت کے بجائے شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا ۔ منصوبے کے تعمیراتی کام کے دوران ریتی ، بجری اور دیگر تعمیراتی ملبہ سڑکوں پر پھیلا دیے جانے سے آمدورفت شدید متاثر اسکول ، کالجز اور سینٹرز جانے والی طالبات ، موٹر سائیکل سواروں سمیت شہریوں ، بچوں ، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ اہم نوعیت کے واٹر ٹینک منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے بجائے تعمیراتی کام میں مبینہ غفلت اور سست روی اختیار کی جا رہی ہے ۔ جبکہ سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ ، ریتی اور بجری پھینکے جانے سے روزمرہ آمدورفت بھی دشوار ہو چکی ہے ۔ عوامی حلقوں نے منصوبے میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خزانے سے خطیر رقم خرچ کر کے تعمیر کیے جانے والے منصوبے میں معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ناقص تعمیرات مستقبل میں شہریوں کے لیے مزید مسائل پیدا کر سکتی ہیں ۔ عوامی حلقوں نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر حب ، اسسٹنٹ کمشنر وندر اور چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر ٹینک منصوبے میں ٹھیکدار کی مبینہ غفلت اور سست روی ناقص منصوبہ بندی اور تعمیراتی معیار سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر معائنہ کیا جائے ۔ سڑکوں سے ریتی ، بجری اور تعمیراتی ملبہ ہٹا کر عوام کے لیے آمدورفت بحال کی جائے اور خطیر رقم سے تعمیر کیے جانے والے اہم منصوبے کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ وندر کے شہریوں کو پانی کی سہولت میسر آ سکے ۔
وندر سٹی میں خطیر رقم سے 2 لاکھ گیلن واٹر ٹینک منصوبہ ٹھیکدار کی مبینہ سست روی کا شکار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل