(جھل مگسی منیر احمد رڈ)
کوئٹہ: گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے کوناڑہ کے معروف مقامی لوک گلوکار گلزار حسین لاشاری نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے مقامی لوک گلوکاروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات میں کاروانِ لاشار پاکستان کے مرکزی چیئرمین میر عباس لاشاری اور عبداللہ لاشاری بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کاروانِ لاشار پاکستان کے مرکزی چیئرمین میر عباس لاشاری نے گورنر بلوچستان کو علاقے کے اہم عوامی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے گاجان سے قاضی اسماعیل تک سڑک کی تعمیر، ڈسپنسری، اسکول اور علاقے کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے مطالبات پیش کیے۔
لوک گلوکار گلزار حسین لاشاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مقامی فنکار شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور ان کی سرپرستی کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوک فنکاروں کی فلاح و بہبود، مالی معاونت اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے وفد کی بات توجہ سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے لوک گلوکاروں اور فنکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی، جبکہ علاقے کے ترقیاتی اور عوامی مسائل کو بھی متعلقہ اداروں کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔