حلقہ انتخاب میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے،فیصل جمالی

گنداخہ(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما و صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز، بلا رنگ، نسل اور سیاسی وابستگی ترقیاتی کاموں کا فروغ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے عوامی فلسفے کی امین جماعت ہے،جس نے ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت، مساوات اور سماجی انصاف کو فروغ دیا ہے۔ پارٹی کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں ملک بھر میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حلقے میں سڑکوں کی تعمیر، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، تعلیم، صحت، آبپاشی، زراعت، بجلی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،جبکہ مزید منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے تاکہ شہری اور دیہی علاقوں کے عوام یکساں طور پر ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں،انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہماری ذمہ داری ہےحکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، کسانوں اور کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہےسردارزادہ فیصل خان جمالی نے مزید کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا شفاف استعمال، منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اور عوامی وسائل کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقے کے ہر گاؤں، ہر بستی اور ہر شہری تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں اور عوام کی خدمت کا یہ سفر مستقبل میں بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور خوشحالی کے اس سفر میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تعمیر کا خواب حقیقت بن سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں