نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ فیصل جمالی

گنداخہ (نامہ نگار) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ 14 اگست صرف جشنِ آزادی کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد، قومی یکجہتی، حب الوطنی، ایثار، قربانی اور شہدائے پاکستان کی لازوال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا عظیم دن ہے۔ یہ وہ تاریخی لمحہ ہے جب قائدِاعظم محمد علی جناؒ کی مدبرانہ قیادت، شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے ولولہ انگیز تصورِ پاکستان اور لاکھوں مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد، خودمختار اور اسلامی فلاحی ریاست پاکستان کی صورت میں عظیم نعمت حاصل ہوئی،انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور اس عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے کہ ہم وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی، امن، رواداری اور قومی اتحاد کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ آج کے دن ہمیں اس حقیقت کو بھی ذہن نشین کرنا ہوگا کہ مضبوط قومیں اتحاد، نظم و ضبط، دیانت داری، قانون کی پاسداری اور مسلسل محنت کے ذریعے ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی حفاظت اور ترقی ہر پاکستانی کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا اور قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے سنہری اصول “اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا تاکہ وطنِ عزیز کو ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط ریاست بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ترقیاتی عمل، عوامی خدمت، تعلیم، صحت، زراعت، لائیو اسٹاک اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ موجودہ حکومت ملک کی معاشی استحکام، عوامی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت نتائج مستقبل قریب میں سامنے آئیں گے۔سردارزادہ فیصل خان جمالی نے مزید کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے شہداء، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے، جن کی قربانیوں اور خدمات کی بدولت پاکستان آج مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں