وندر کے مختلف سرکاری اسکولوں میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا

سونمیانی وندر(نمائندہ بلوچستان آبزرور)سرکاری اسکولوں کی موسمِ گرما کی تعطیلات کے اختتام اور نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے موقع پر میونسپل کمیٹی وندر نے تعلیم دوستی عوامی خدمت اور تعلیمی اداروں سے اپنی وابستگی کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے وندر کے مختلف سرکاری اسکولوں میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی وندر عبدالبصیر خان مندوخیل اور سیکرٹری عنایت اللہ راٹھوڑ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کا عملہ مختلف سرکاری اسکولوں میں تعطیلات کے دوران جمع ہونے والے درختوں کے سوکھے پتوں ، شاخوں ، گھاس پھوس اور دیگر کچرے کو اٹھانے اسکولوں کے احاطوں داخلی راستوں اور اطراف کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہے تاکہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو نئے تعلیمی سال کے آغاز پر صاف ستھرا صحت مند اور خوشگوار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل اور سیکرٹری عنایت اللّٰہ راٹھوڑ کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی وندر ہر سال سرکاری اسکولوں کے کھلنے سے قبل خصوصی صفائی مہم کا انعقاد کرتی ہے تاکہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی صفائی اور خوبصورتی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور میونسپل کمیٹی آئندہ بھی عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تعلیمی اداروں سمیت شہر بھر میں صفائی اور بہتری کے اقدامات اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں