گوادر سٹی پولیس کی بروقت کارروائی ڈکیتی کی واردات ناکام دو ملزمان گرفتار

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)گوادر سٹی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا کر دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ چھینی گئی موٹر سائیکل سمیت مزید تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نعیم ولد ولی داد اور سمیع ولد عظیم دونوں سکنہ کلانچی پاڑہ گوادر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 125 موٹر سائیکل، ایک ٹی ٹی پستول اور آٹھ عدد زندہ کارتوس برآمد کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مراد بخش ولد محمد عثمان سکنہ چبریکانی پر فائرنگ کرکے اس کی موٹر سائیکل چھین لی تھی۔ اطلاع ملتے ہی گوادر سٹی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا اور چند ہی لمحوں میں دونوں کو گرفتار کرکے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
مزید تفتیش کے دوران ملزمان کی نشاندہی پر مزید تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں