لورالائی میں جدید سیوریج سکشن مشین پہنچ گئی، عوام کے دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت


لورالائی(نامہ نگار)خادمِ لورالائی اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں میونسپل کمیٹی لورالائی کو جدید سیوریج سکشن مشین فراہم کر دی گئی ہے، جسے شہر کی صفائی اور سیوریج کے نظام کی بہتری کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس جدید مشین کی فراہمی سے شہریوں کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نکاسیٔ آب سے متعلق مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان بھر میں صرف 17 میونسپل کمیٹیوں کو یہ جدید سیوریج سکشن مشین فراہم کی گئی ہے، جن میں میونسپل کمیٹی لورالائی بھی شامل ہے۔ ماضی میں سیوریج لائنوں کی بندش اور نالیوں کی صفائی کے لیے دستی طریقہ کار اختیار کیا جاتا تھا، جس کے باعث صفائی کے عمل میں تاخیر، اضافی اخراجات اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئی مشین کی آمد سے یہ مسائل بڑی حد تک کم ہونے کی توقع ہے۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر کی نگرانی میں چیف آفیسر محب اللہ خان بلوچ اور ایکسئین عبدالعزیز اتمانخیل نے نئی آنے والی سکشن مشین کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مشین کی تکنیکی صلاحیتوں، کارکردگی اور استعمال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشین بلدیاتی ادارے کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کرے گی اور صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
حکام نے بتایا کہ مشین کو جلد باضابطہ افتتاح کے بعد باقاعدہ طور پر شہری خدمت کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ اس جدید سکشن مشین کی مدد سے شہر بھر کی نالیوں، گٹروں اور سیوریج لائنوں کی صفائی منٹوں میں ممکن ہو سکے گی، جبکہ ہنگامی صورتحال میں بھی فوری کارروائی کی جا سکے گی۔ اس سے نہ صرف نکاسیٔ آب کا نظام بہتر ہوگا بلکہ بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔
شہری حلقوں نے سیوریج سکشن مشین کی فراہمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ میونسپل کمیٹی اس جدید سہولت کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہر میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنائے گی، تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول اور بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں