کوہلو ( نامہ نگار) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایک بار پھر سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ گزشتہ شب آنے والے شدید سیلاب کے باعث درجنوں کچے مکانات منہدم یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان شدید مشکلات سے دوچار ہیں، متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے دوران وہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے اہلِ خانہ اور املاک کو بچانے کی کوشش کرتے رہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بروقت امداد اور ریسکیو کارروائیاں نظر نہیں آئیں۔ متاثرین کا الزام ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے بجائے انتظامیہ نے صرف فوٹو سیشن تک خود کو محدود رکھا اور عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے، سیلاب زدگان کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے بلند و بانگ دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں فوری امداد، رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی اشد ضرورت ہے، جبکہ متعلقہ ادارے مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں، متاثرین نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، نقصانات کا شفاف سروے کیا جائے اور آئندہ ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں
کوہلو میں سیلابی ریلا، درجنوں مکانات متاثر؛ متاثرین کا انتظامیہ پر عدم توجہی کا الزام
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل