جمعیت نے ہمیشہ اصولوں اور عوامی مفادات کو مقدم رکھا ہے مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مرکزی کمیٹی کا اہم اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق کی صدارت میں ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ مسعوداحمد، مولانا محمد شعیب جدون، حاجی قاسم خان خلجی اور عبدالصمد حقیار نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں ضلع بھر کی ماتحت تحصیلوں اور یونٹوں کے دوروں کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔ اس مقصد کے لیے ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین پر مشتمل دس خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو طے شدہ شیڈول کے مطابق متعلقہ تحصیلوں اور یونٹوں کا دورہ کریں گی۔ ان دوروں کے دوران تنظیمی ڈھانچے، کارکردگی، فعالیت، عوامی رابطوں، جماعتی نظم و ضبط اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، دورہ جاتی شیڈول اور باقاعدہ سرکلر تمام متعلقہ تحصیلوں اور یونٹوں کو ارسال کیے جائیں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 28 جولائی کو ضلعی سیکرٹریٹ میں دوپہر 12 بجے ضلعی مجلسِ عاملہ کا اجلاس جبکہ شام 4 بجے ماتحت تحصیلوں اور یونٹوں کے امراء و نظماء کا نمائندہ اجلاس منعقد ہوگا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں جمعیت علماء اسلام ملک کے مظلوم محروم اور محکوم عوام کی حقیقی آواز اور واحد ترجمان جماعت ہے۔ جمعیت نے ہمیشہ اصولوں اور عوامی مفادات کو مقدم رکھا ہے اور کبھی وقتی مصلحتوں یا ذاتی مفادات کی خاطر اپنے مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کیا۔جو عناصر آمریت کی آغوش میں بیٹھ کر جمہوری قوتوں پر بے جا تنقید اور سنگ زنی کر رہے ہیں تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی بلکہ وہ ایک دن اپنے کردار پر ضرور نادم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بالخصوص بلوچستان جن سنگین سیاسی معاشی اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ایسے کٹھن حالات میں عوام کی نظریں جمعیت علماء اسلام کی قیادت پر مرکوز ہیں کیونکہ یہی جماعت مظلوم طبقات کے حقوق، قومی وحدت کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے انہوں نے تمام ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ تنظیمی فعالیت میں مزید تیزی لائیں عوام سے اپنے روابط مضبوط کریں اور جماعت کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت، اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں