سجاد حسین رند سمیت دیگر گرفتار اسیران کی ہدہ جیل سے باعزت رہائی، اساتذہ برادری میں خوشی کی لہر

گنداخہ ( نامہ نگار فرید احمد) گرینڈ الائنس بلوچستان کے قائدین اور گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی صدر و قائدِ اساتذہ سجاد حسین رند سمیت دیگر گرفتار اسیران کی ہدہ جیل سے باعزت رہائی، اساتذہ برادری میں خوشی کی لہر، سینکڑوں اساتذہ نے شاندار استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔تفصیلات کے مطابق گرینڈ الائنس بلوچستان اور گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنماوں کی رہائی پر بلوچستان بھر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد ہدہ جیل کے باہر پہنچ گئی،جہاں انہوں نے اپنے قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر فضائ فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی جبکہ اساتذہ نے اپنے قائدین کو پھولوں کے ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی صدر و قائدِ اساتذہ سجاد حسین رند نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے حقوق کی جدوجہد ایک اصولی اور آئینی جدوجہد ہے، ہمارا قافلہ حق، سچ اور انصاف کے راستے پر گامزن ہے، جو نہ کبھی رکا ہے اور نہ کبھی جھکا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں، دباواور دیگر اوچھے ہتھکنڈوں سے اساتذہ کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ہماری جدوجہد ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ بلوچستان کے اساتذہ کے جائز حقوق، عزتِ نفس اور بہتر تعلیمی نظام کے قیام کیلئے ہے۔سجاد حسین رند نے کہا کہ گرینڈ الائنس بلوچستان کے پلیٹ فارم سے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے پرامن، جمہوری اور آئینی طریقہ کار کے تحت جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، وقت ثابت کرے گا کہ اصولی مو¿قف رکھنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔انہوں نے تمام اساتذہ، ملازمین کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں جس اتحاد، حوصلے اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا وہ قابلِ تحسین ہے۔دوسری جانب گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنماو¿ں نے کہا کہ سجاد حسین رند سمیت دیگر اسیران کی باعزت رہائی اساتذہ برادری کے اتحاد اور عزم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ اپنے جائز مطالبات کے حصول تک پرامن جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں