نیو یارک (این این آئی)امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو ڈریم ڈول بری کے نام سے جانی جاتی تھیں، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہو گئیں۔پولیس کے مطابق 21سالہ بریانا جانسن لائم گرین رنگ کی لگژری کار لمبرگینی یورس چلا رہی تھیں، جبکہ گاڑی میں ان کے ساتھ 2دیگر افراد بھی سوار تھے، اسی دوران نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی، واقعے میں بریانا جانسن موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں، جبکہ گاڑی میں موجود دیگر 2افراد زخمی ہو گئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے واقعے کو ٹارگٹڈ حملہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کی صبح تقریبا ساڑھے 5بجے سن شائن بلیوارڈ پر پیش آیا، پولیس حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد بریانا کی گاڑی چوراہے سے گزرتے ہوئے بے قابو ہو کر ایک گھر سے ٹکرا گئی، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فائرنگ سے قبل ایک گیس اسٹیشن پر جھگڑا ہوا تھا۔رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ متاثرہ افراد اس سے قبل ایک قریبی گھر میں ہونے والی پارٹی میں شریک تھے، جہاں سے واپسی کے دوران ان کی گاڑی کا تعاقب کر کے حملہ کیا گیا
امریکی ٹک ٹاکر ڈریم ڈول بری فائرنگ سے ہلاک
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل