زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،شہباز شریف

اسلام آبا د(این این آئی)30جون2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو صحیح معنوں میں زرعی تحقیق کا مرکز بنانے اور صوبوں کی مشاورت سے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اپنی زیرِ صدارت وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیمِ نو اور زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت احمد عمیر اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبوں کی مشاورت سے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد مرتب کرنے اور زرعی شعبے میں ایپکس فورم قائم کرنے کی ہدایت کی، یہ فورم ایگریکلچر انوویشن اور گروتھ پلان پر مثر عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے ماہانہ اجلاس منعقد کرے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرخیز-ای زرعی قرضے پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ کسانوں کو آسان زرعی قرضوں تک رسائی مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو صحیح معنوں میں زرعی تحقیق کا مرکز بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی اور کھاد کی بروقت اور مناسب فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار بڑھے گی۔ وزیراعظم نے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، بہتر ویئر ہاسنگ اور جدید ذخیرہ سازی کے نظام پر توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کی طرف سے آزمائشی بنیادوں پر ملٹی گرین آٹے کی تیاری جاری ہے، مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کی جا رہی ہے جو کسانوں کو کیڑوں اور فصلوں میں بیماریوں کے مثر تدارک میں مدد فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں