بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا پی ایف یو جے کی کال پر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا جنرل کونسل اجلاس صدر منظور احمد رند کی زیر صدارت کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا ، اجلاس میں دیگر امور کے ساتھ پی ایف یو جے کی جانب سے اعلان کردہ احتجاجی تحریک کے انتظامات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں 3 نومبر کو ملک گیر یوم سیاہ اور بعد ازاں پریس کلبز پر احتجاجی کیمپ قائم کرنے کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو احتجاجی کیمپ کے انتظامات اور احتجاج میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں ، وکلاء تنظیموں ، سول سوسائٹی ، انسانی حقوق اور مزدور تنظیموں سے رابطہ کرکے احتجاجی تحریک میں ان کی شرکت یقینی بنانے کیلئے رابطہ کریں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ( بی یو جے) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر 3 نومبر کو بھرپور انداز احتجاجی مظاہرہ کرنے اور صحافیوں و میڈیا ورکرز کے حقوق کیلئے احتجاجی تحریک میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی، بلوچستان میں بیوروز کی بندش صحافیوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کرنے اور آزادی صحافت پر قدغنوں اور صحافیوں کیخلاف کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ صحافیوں کا معاشی استحصال اور اظہارِ رائے پر پابندیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔ اجلاس میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ بی یو جے اپنے ماضی کی جدو جہد اور روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پی ایف یو جے کے ملک گیر تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کریگی شرکاء نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل اور صحافیوں کی ملازمتوں کے عدم تحفظ پر تفصیلی مشاورت کی اور عزم ظاہر کیا کہ پی ایف یو جے کی احتجاجی کال پر لبیک کہتے ہوئے صحافیوں کے حقوق، ملازمتوں کے تحفظ، برطرف ملازمین کی بحالی اور تنخواہوں و واجبات کی ادائیگی کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔اجلاس میں ملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں کی گرفتاریوں اور میڈیا پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ گرفتار صحافیوں کو فوری رہا کیا جائے، اظہارِ رائے اور آزادی? صحافت کو یقینی بنایا جائے اور صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں