ڈیرہ مراد جمالی پولیس تھانہ صدر کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

باباکوٹ (رپورٹ محمد یونس عمرانی)نصیرآباد میں پولیس تھانہ صدر کی حدود میں مبینہ طور پر چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق رات گئے بیدار کے قریب گوٹھ سکندر خان کھوسہ میں نامعلوم چور ٹرانسفارمر کی کوائل نکال کر فرار ہوگئے، جس کے باعث ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچا۔دوسرے واقعے میں تھانہ صدر کی حدود میں پٹ فیڈر کے بیرون کی جانب شاہنواز دایہ سے تین نامعلوم مسلح افراد مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ جبکہ تیسرے واقعے میں گزشتہ شب دوست ہوٹل سے ویکسینیٹر عمران علی سیال کی موٹر سائیکل چوری کرلی گئی، اس کے ساتھ ہیلتھ کا ریکارڈ بھی چوری ہونے کی اطلاعات ہیں۔پولیس تھانہ صدر کی حدود میں پیش آنے والے ان واقعات کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس کی کارکردگی اور امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے ڈی آئی جی نصیرآباد اور ایس ایس پی نصیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں