کوئٹہ(پ ر) بلوچستان میڈیا فورم کے جاری کردہ مرکزی اعلامیہ کے مطابق فورم میں خواتین کے امور سے متعلق عہدیداران کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق معروف کالم نویس ، مصنف، شاعرہ ” محترمہ صدف غوری صدر ، معروف شاعرہ، مصنفہ، محترمہ فائزہ صدیقی جنرل سیکرٹری اور معروف شاعرہ، مصنفہ، کالم نویس محترمہ نرگس نہاں سیکرٹری اطلاعات ھونگی۔ دریں اثناء بلوچستان میڈیا فورم خواتین کی صدر صدف غوری، جنرل سیکرٹری فائزہ صدیقی، سیکرٹری اطلاعات نرگس نہاں نے فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ، جنرل سیکرٹری اللہ داد رند، نائب صدر شیخ فرید سمیت دیگر تمام عہدیداران، اراکین مرکزی کمیٹی اور ممبران کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میڈیا فورم نے شعبہ خواتین کی ذمہ داریاں سونپ کر خواتین میڈیا پرسنز پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ان کیلئے باعثِ اعزاز ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بھرپور محنت اور جدوجہد کریں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، تاہم انہیں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران متعدد مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے۔بلوچستان میڈیا فورم شعبہ خواتین میڈیا کے تمام شعبوں میں خواتین کو درپیش مسائل، صحافتی حقوق، تحفظ، پیشہ ورانہ مواقع اور دیگر جائز مطالبات کے حل کیلئے مؤثر آواز بنے گا۔ نو منتخب عہدیداران نے کہا کہ فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ اور دیگر عہدیداران کی سرپرستی میں شعبہ خواتین کو فعال اور منظم بنایا جائے گا جبکہ صوبے بھر کی خواتین صحافیوں ، شعراء ، مصنفین، کالم نگاران کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے رابطوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم آزادی صحافت، صحافیوں کے حقوق اور پرنٹ میڈیا کی بقا کیلئے جو جدوجہد کررہا ہے، شعبہ خواتین بھی اس جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک ذمہ دار شعبہ ہے اور خواتین صحافی معاشرے کے اہم مسائل کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔ بلوچستان میڈیا فورم شعبہ خواتین اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے خواتین صحافیوں کی آواز متعلقہ اداروں اور حکام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ فورم کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
بلوچستان میڈیا فورم شعبہ خواتین کا اعلان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل